ملک میں تبدیلی کی لہرچل پڑی ہے،امت شاہ کادعویٰ
امرتسر، یکم نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سرحدوں کی حفاظت کے معاملے پر سابقہ یو پی اے حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے بی جے پی صدر امت شاہ نے آج کہاکہ’’گاندھی خاندان‘‘کی حکومت کے دوران ملک کی سرحدوں کی کوئی بھی توہین کر سکتا تھا لیکن مودی حکومت نے سرحدوں کو محفوظ بنایا ہے۔شاہ نے کہاکہ اس حکومت نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی ہے۔ایک وقت تھا جب یو پی اے حکومت کی 10برسوں کی حکومت رہی ۔ایک حکومت تھی سونیا(گاندھی)اورمنموہن سنگھ کی۔ایک حکومت گاندھی خاندان کی تھی۔تب کوئی بھی ملک کی سرحدوں کو ذلیل کر سکتا تھا۔پنجاب کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں مودی حکومت کے دوران چیزیں بدل گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج پوری دنیاکوسمجھ آ گئی ہے کہ کوئی بھی ہندوستان کے سرحدی علاقوں کی طرف دیکھنے کی ہمت نہیں کر سکتا۔اگر کوئی سرحد پر دشمنی ظاہرکرنے کی کوشش کرتاہے توملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے۔بی جے پی کے قومی صدر نے مرکزمیں سال2014میں اقتدار سنبھالنے کے بعد بی جے پی زیر قیادت حکومت کی کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے کہاکہ آزادی کے بعد اس حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبودکیلئے سب سے زیادہ کام کیا۔غریبوں، دلتوں اور اقتصادی طورپرپسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے نئی اسکیمیں لائیں۔اس حکومت نے ایسی روایت مقرر کی جس سے منصوبوں کا فائدہ اس کے فائدہ اٹھانے والوں تک پہونچنے کویقینی بنانے کی کوشش کی گئی اور اس سب کے نتیجے ملک میں تبدیلی کی لہر چل پڑی ہے۔